نیو یارک +دمشق (نمائندہ خصوصی+آن لائن) شامی حکومت جنیوا مذاکرات میں اقتدار کی منتقلی کے لیے نہیں جائے گی اور اگر حزب اختلاف صدر بشارالاسد کے استعفے کی توقع کرتی ہے تو پھر اسے جنیوا جانے کی ضرورت نہیں ہے۔یہ بات شامی وزیر خارجہ ولید المعلم نے دمشق میں نیوز کانفرنس میں کہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بشارالاسد اقتدار نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ دوحہ اجلاس میں جو فیصلہ کیا گیا،وہ بہت سنگین ہے ۔اقوام متحدہ کے نمائندہ لخدار براہیمی نے کہا ہے شام کے مسئلے کا سیاسی حل تلاش کرنے کیلئے بین الاقوامی کانفرنس کا جولائی میں انعقاد مشکوک ہے۔ انہوں نے یہ بات جنیوا میںروسی نائب وزیر خارجہ میخائل بوگڈنیو اور امریکی انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور وینڈی شرمن کے ساتھ ملاقات سے قبل کہی۔
جینوا مذاکرات میں بشارلاسد کے استعفےٰ کی توقع نہ کی جائے: شامی وزیر خارجہ
Jun 26, 2013