اسلام آباد (نمائندہ خصوصی/آن لائن/ثناءنیوز) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ تمام سیاسی قوتیں متحد ہوجائیں تاکہ ان مسائل کا پائیدار حل تلاش کیا جاسکے۔ چیئرمین سینٹ نیئر بخاری اور رکن قومی اسمبلی اویس لغاری سے ملاقات میں وزیراعظم اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو مشکلات سے نکالا جائیگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی فیصلوں کا محور اور مرکز ہو گا۔ قومی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ آئین کی بالا دستی کو یقینی بنانے کا مینڈیٹ بھی ملا ہے۔ آمر کے خلاف فلور آف دی ہاﺅس پر کارروائی کا اعلان اس بات کا اشارہ ہے کہ فیصلوں میں پارلیمنٹ کو مقدم رکھا جائے گا۔ ترجمان وزیر اعظم ہاﺅس کے مطابق چیئر مین سینٹ نے وزیر اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، وزیر اعظم سے اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے بھی ملاقات کی جس میں آرٹیکل 6کے تحت مشرف کے ٹرائل کے حوالے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے منیر اے ملک کو ہدایت کی کہ مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی میں آئینی اور قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔ ٹرائل کے دوران حکومتی غیر جانبداری نظر آنی چاہیے۔ حکومت نے یہ فیصلہ قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کیلئے کیا ہے۔ وزیر اعظم نے چیئر مین سینٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
پارلیمنٹ فیصلوں کا مرکز ہوگی‘ مشرف کے ٹرائل میں حکومتی غیر جانبداری نظر آنی چاہئے : نوازشریف
Jun 26, 2013