لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ وقت نیوز) چار گیس فیلڈ بند ہونے پر آئی پی پیز پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ایم ڈی سوئی گیس عارف حمید کے مطابق آئی پی پیز کو 14ملین کیوبک فٹ گیس سے 450 میگا واٹ بجلی بنا رہے تھے 29جون کو بند گیس فیلڈ سے گیس سسٹم میں آئے گی اور آئی پی پیز کو گیس کی فراہمی بحال کردی جائے گی زون ون کو گیس کل جمعرات کو دیں گے کتنے روز ملے گی یہ فیصلہ ابھی نہیں کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نوازشریف نے تھرمل پاور پلانٹ کیلئے گیس کی فراہمی میں کمی کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے گیس کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے تھرمل پلاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی نہ کرنے کی وجوہات پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔