جدہ (امیر محمد خان، اے این این) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت اقتصادی اصلاحات کے جامع ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے۔ رواں مالی سال کے 11ماہ میں ترسیلات زر میں 12 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔ سمندر پار پاکستانیوں نے14 ارب33 کروڑ ڈالر پاکستان بجھوائے۔ مئی میںایک ارب 40 کروڑ ڈالر ترسیلات زر موصول ہوئیں۔ اسلامی ترقیاتی بنک کے مزید تعاون کی ضرورت ہے۔ سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی ترقیاتی بینک آف کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب اور بینک کے صدر احمد علی سے ملاقات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بنک اور بورڈ آف گورنرز کے رکن ملکوں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ مشترکہ کوششوں سے ہی مسلم امہ میں خوشحالی اور امن قائم کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں فراخدلانہ مدد فراہم کرنے پر ایشیائی ترقیاتی بنک کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہوچکی ہے اور 2013ءکے انتخابات میں نئی حکومت نے سرکاری و نیم سرکاری سطح پر اپنی ذمہ داری سنبھالی اور ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے حوالے سے امید پیدا ہوئی۔ حکومت سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، ہم نے مائیکرو اکنامک چیلنجز پر قابو پانے کیلئے حکمت عملی اختیار کی۔ موجودہ اقتصادی پالیسیوں کے باعث معیشت مضبوط ہوئی ہے اور6سال کے عرصے کے بعد اس سال اقتصادی شرح نمو 4 فیصد سے زائد ہوگی جبکہ افراط زر10 فیصد سے بھی کم ہوگا۔ زرعی اور صنعتی شعبے کو بھی بحال کیا گیا ہے ۔ خسارے میں8.8فیصد سے6فیصد سے بھی کمی لائی گئی ہے یہ سب اخراجات میں کمی اور سادگی اختیار کیے جانے کے باعث ممکن ہوا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملکی برآمدات میں مثبت رجحان جاری ہے جبکہ زر مبادلہ کے ذخائر14.33بلین ڈالر کی سطح تک پہنچ گئے ہیں۔ اسحاق ڈار نے احمد علی کو وزیراعظم نواز شریف کا پیغام پہنچایا اور مبارکباد بھی دی۔ ڈاکٹر محمد علی نے پولیو کے خاتمہ اور نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کی تکمیل میں تعاون کا یقین دلایا۔ پاکستان نے اسلامی ترقیاتی بینک کے ساتھ 2معاہدوں پر دستخط کر دیئے، جامشورو کول پاور پلانٹ کیلئے 2.2 ارب ڈالر فنڈز ملیں گے۔
معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے، اسحاق ڈار، اسلامی ترقیاتی بینک کیساتھ 2 معاہدے
Jun 26, 2014