لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی دعوت پر آج عوامی تحریک منہاج سیکرٹریٹ میں ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی منعقد ہو گی جس میں حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی زیرصدارت کانفرنس میں مسلم لیگ، عوامی مسلم لیگ، مجلس وحدت مسلمین، صوبہ تحریک ہزارہ، ایم کیو ایم، جے یو پی نیازی، سنی اتحاد کونسل سمیت مختلف جماعتوں کے قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور ڈاکٹر حسن محی الدین پر مشتمل دو رکنی کمیٹی اے پی سی میں شرکت کیلئے مختلف جماعتوں سے رابطے کر رہی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر جعفری نے ڈاکٹر طاہر القادری کی درخواست پر منہاج القرآن میں اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے راجہ ناصر جعفری کو ٹیلیفون کر کے مجلس کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاوُن پر حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ ہم ہر ظالم کیخلاف ہیں خواہ وہ مسلمان ہی کیوں نہ ہو ہر مظلوم کے حامی ہیں خواہ وہ کافر ہی کیوں نہ ہو۔