لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے میاں نوازشریف کی حلقہ این اے120 سے کامیابی کا نوٹیفیکیشن معطل کرنے کے لئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ مسٹر جسٹس اعجازالاحسن نے سید اقتدار شاہ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا اصل نام مریم صفدر ہے جو نادرا اور الیکشن کمشن کے ریکارڈ میں موجود ہے تاہم وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن کی حیثیت سے مریم صفدر کا نام مریم نواز لکھا گیا ہے جو غیرقانونی ہے اور وزیراعظم مختلف تقاریر میں بھی مریم صفدر کو مریم نواز کہہ کر متعارف کرواتے ہیں۔ قوم سے غلط بیانی پر میاں نواز شریف کے خلاف کارروائی کی جائے کیونکہ وہ آرٹیکل باسٹھ پر پورا نہیں اترتے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کے فیصلے تک میاں نواز شریف کی حلقہ این اے 120 سے کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔