راولپنڈی (آن لائن) صادق آباد چوک میں بدھ کی شب موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے نوتعمیر شدہ پولیس تھانے پر دستی بمسے حملہ کردیا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ حملے میں ایک رضاکار، رکشہ ڈرائیور سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر بے نظیر بھٹو ہسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔ حکام کے مطابق رات ساڑھے نو بجے کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر نامعلوم افراد صادق آباد چوک میں نوتعمیر شدہ پولیس تھانے پہنچے اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دستی بم سے حملہ کیا، بم حملے کے نتیجے میں 4 افراد 26 سالہ رکشہ ڈرائیور بسم اللہ خان، 27 سالہ پولیس رضاکار ناصر محمود اور 2 راہگیر نذیر احمد اور عتیق الرحمن زخمی ہوگئے۔ دستی بم حملے کے نتیجے میں صادق آبادکے گنجان ترین چوک میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، ایدھی ایمبولینس اور پولیس حکام یہاں پہنچ گئے۔ پورے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد پر گرینیڈ حملے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں زخمی افراد کو ہسپتال میں بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
راولپنڈی: تھانہ پر بم حملہ، 4 افراد زخمی، دہشت گرد فائرنگ کرتے فرار
Jun 26, 2014