کوئٹہ + لاہور (بیورو رپورٹ+ اے ایف پی) مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں مسافر ویگن اور مزدا ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 14 مسافر جاںبحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق جمعرات کو مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ کے مقام پر منگچر سے کوئٹہ جانے والی مسافر ویگن مخالف سمت سے آنے والے مزدا ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ویگن میں سوار 14 مسافر جاں بحق جبکہ ایک خاتون اور بچے سمیت 6 زخمی ہوگئے۔ نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مستونگ پہنچایا گیا جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ فوری طور پر ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے نام معلوم نہیں ہوسکے۔ وین پر 18مسافر سوار تھے۔ مرنیوالوں میں ایک 12 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مستونگ میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے افراد کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ وزیراعلیٰ نے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی ہے۔
مستونگ/ حادثہ