نواز شریف اور مودی کے درمیان اگلے ماہ روس میں ملاقات طے پاگئی: بھارتی میڈیا

Jun 26, 2015

نئی دہلی(صباح نےوز) پاکستان بھارت کے وزرائے اعظم کے درمیان اگلے ماہ روس کے شہر اوفہ میں ملاقات طے پاگئی ہے، اس سلسلے میں مختلف سطحوں پر دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات کے ایجنڈا کو حتمی شکل دی جا رہی ہے بھارتی میڈیا کے مطابق جہاں ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر دونوں رہنماﺅں میںملاقات ہونے جا رہی ہے وہاں اب دونوں لیڈر روس کے شہر اوفہ میں ون آن ملاقات کریں گے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم ہونے کے آثار ہیں، ساتھ ہی مذاکرات کے حوالے سے پیشرفت کی توقع کی جارہی ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی اگلے ماہ شنگھائی تعاون تنظیم کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف بھی اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ون ٹو ون ملاقات طے کر لی گئی ہے، اس سلسلے میں مختلف سطح پر کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات سے قبل نواز شریف کو رمضان کی آمد پر مودی نے جو ٹیلیفون کیا وہ اس کڑی کا ایک حصہ ہے سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماﺅں کے درمیان یہ ملاقات ناگزیر ہے۔ مبصرین کے مطابق نواز مودی ملاقات سے پاکستان بھارت جاری کشیدگی ختم کرنے میں مدد ملے گی اور معطل شدہ مذاکرات بحال کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مودی کے درمیان ستمبر میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران بھی ملاقات طے کی جا رہی ہے بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کے ساتھ اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مذاکرات کو شروع کرنے کے سلسلے میں کئی فیصلے کیے گئے۔ اعزاز احمد چودھری نے بتایا کہ دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیر کے درمیان ملاقات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی جس میں داخلہ سیکرٹریوں کے اجلاس کے حوالے غوروخوض ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ داخلہ سیکرٹریوں کی میٹنگ دہلی میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مودی تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے میں سنجیدہ ہیں پا کستان کو بھارت کی مثبت کوششوں کا جواب دینا ہے۔
نواز/ مودی ملاقات

مزیدخبریں