دیربالا( نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی ) دیربالا کے علاقے کوہستان بیاڑ میں آسمانی بجلی گرنے اور شدید بارش کے بعد سیلاب سے درجنوں کچے مکانات تباہ ہوگئے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6افراد سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ افطاری سے قبل اچانک آسمانی بجلی گرنے اور تیز بارش سے سیلاب آگیا جس کے باعث درجنوں کچے مکان گر گئے اور لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی اور جاں بحق افراد کو محفوظ مقامات کو منتقل کیا سیلاب میں کئی افراد لاپتہ بھی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونیوالوں میں مولانا احمداللہ ‘زوجہ مولانا احمداللہ‘مسماة گلشن ولد امیراللہ‘ مسماة گل صباء،مسماة انجمن ‘مسماة جاتون ، مسماة کرن شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق سیلاب میں کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں جنکی تلاش مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت شروع کر رکھی ہے۔رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ‘ نے انتظامیہ کو فوری طور امدادی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور غمزدہ خاندانوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے ہلاک ہونے والے افراد میں پانچ خواتین، دو بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔ دیر اپر کے پولیس کنٹرول روم کے اہلکار امجد نے بتایا کہ شدید بارش کے نتیجے میں تھل کے علاقے میں آنے والا سیلاب ایک مدرسہ اور عید گاہ کو بھی بہا لے گیا ہے۔تھانہ تھل کے محرر ریاض نے بتایا کہ بیہاڑ بازار مکمل طور پر ریلے میں بہہ گیا ہے جہاں مختلف اشیا کی تقریباً بیس سے زیادہ دکانیں موجود تھیں۔ ضلعی انتظامیہ نے مساجد اور پولیس موبائل کے ذریعے علاقے میں اعلانات کیے ہیں جس میں دریائے پنجکوڑہ کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات کی گئی ہے ۔
دیر/سیلابی ریلا
دیربالا میں شدید بارش‘ سیلاب ایک ہی خاندان کے چھ افراد سمیت نو جاں بحق
Jun 26, 2015