لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ یہ کیسی جمہوریت ہے جسمیں ایک ہزار سے زائد لوگ لوڈشیڈنگ کے باعث جاں بحق ہو گئے اور کوئی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران قوم کو جواب دیں کہ 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کیوں نہیں ہوئی؟ اور صنعتی مزدوروں، روزہ داروں کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے ۔ سربراہ عوامی تحریک نے کارکنوں کو ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی ہدایت کی۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے سی ڈبلیو سی کے اجلاس سے ٹیلیفون پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ سے سینکڑوں اموات پر دنیا میں تشویش ہے، ملک بھر میں روزہ دار الگ اذیت میں مبتلا ہیں اور حکمران قوم کو اعداد و شمار کے گورکھ دھندے میں اْلجھارہے ہیں۔