ہنگو + پشاور (نامہ نگار + آن لائن + نوائے وقت نیوز) ہنگو میں دہشت گروں نے بھاری ہتھیاروں سے چیک پوسٹ پر حملے کر کے 2 سکیورٹی اہلکاروں کو شہید اور2 کو زخمی کر دیا۔ پشاور میں جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ جاں بحق، دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز درجن سے زائد دہشت گردوں نے ہنگو کے وسطی علاقے ورمگئی میں قائم سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا اور کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق جوابی فائرنگ میں حملہ آور اپنے ساتھیوں کی نعشیں لے کر اسلحہ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ اسلحہ کو فورسز نے اپنے قبضہ میں لے لیا ہے۔ واقعہ کے بعد آپریشن کر کے متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ دوسری جانب پشاور میں جوڈیشل کمپلیکس کے اندر فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل حشمت جاں بحق ہو گیا جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ جوڈیشل کمپلیکس میں دن کے آغاز پر نامعلوم مسلح شخص نے اندر گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے جن کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل حشمت دم توڑ گیا۔