راہداری منصوبہ کامیابی سے جاری ہے، ایک کروڑ کلوواٹ سے زائد بجلی پیدا ہو گی: چینی سفیر

Jun 26, 2016

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کامیابی سے جاری ہے، منصوبہ مقامی لوگوں کیلئے نفع بخش ثابت ہو گا۔ 16 منصوبوں کی تکمیل سے ایک کروڑ کلوواٹ سے زائد بجلی پیدا ہوگی، توانائی اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ بہاولپور میں سولر پاور پلانٹ سے دو لاکھ افراد کی بجلی کی ضروریات پوری ہونگی۔ چینی خبر رساں ایجنسی کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چین صاف پانی، بجلی اور سفر کی سہولیات فراہم کرنے میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ سی پیک منصوبوں میں 6 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو روزگار دیا گیا 392 کلومیٹر ملتان سکھر پراجیکٹ سے دس ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ قراقرم ہائی وے فیز ٹو، ملتان سکھر سیکشن، لاہور کراچی ہائی وے منصوبے زیر تکمیل ہیں چینی کمپنیاں پاکستانیوں کو چین میں تعلیم کیلئے سپانسر کر رہی ہیں۔ گوادر کیلئے سکول بسیں اور تعلیمی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کے عوام کیلئے سود مند ہے۔ 

مزیدخبریں