بیروت/ دمشق( اے ایف پی/آن لائن) سیرین آبزرویٹری کے ترجمان نے بتایا القریہ کے قصبے میں شام اور روس کے طیاروں کی بمباری سے47افراد مارے گئے ان میں اکثریت شہریوں کی ہے یہ قصبہ داعش کے زیرکنٹرول ہے ترجمان نے کہا حملے میں سولہ دیگر افراد مارے گئے تصدیق نہیں کرسکتے یہ شہری تھے یا داعش کے جنگجو ہیں۔ لبنانی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے حال ہی میں شام کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے شامی حکومت کے اہم عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ ایک اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حسن نصراللہ اور شامی حکومت کے عہدیداروں کے درمیان ملک کے موجودہ حالات پر صلاح مشورہ بھی ہوا۔حسن نصراللہ کے خفیہ دورہ شام کا ایک ایسے وقت میں انکشاف ہوا ہے جب دوسری جانب لبنانی شیعہ ملیشیا شام میں باغیوں کے ساتھ لڑائی میں ہلاک ہونے والے اپنے سرکردہ کمانڈر مصطفیٰ بدرالدین کا چہلم منا رہی ہے۔ مصطفیٰ بدرالدین کوقریبا ڈیڑھ ماہ قبل شام میں بمباری کے دوران ہلاک کردیا گیا تھا۔ ادھر شامی فوج نے دمشق کے قریب واقع شہر دارع کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا۔