لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر حماد اعظم نے کہا ہے کہ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں عبدالرزاق کی طرح نام بنانا چاہتا ہوں۔ گزشتہ 5 سال کے عرصے میں پاکستان کے لیے میں 16 بین الاقوامی میچ کھیل چکا ہوں اور میرے بین الاقوامی کیریئر میں بہتری نہ آنا کچھ مایوس کن ہے۔جس شہرت کے ساتھ انڈر19 ٹیم میں ابھرا تھا اسی کارکردگی کو ڈومیسٹک اور بین الاقوامی مقابلوں میں دہرانا چاہتا ہوں۔میرا مقصد عبدالرزاق کی طرح نام کمانا ہے،میرا خیال ہے کہ اچھی امیدوں کے ساتھ اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سب کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ کلب کرکٹ کھیلنے اور کنڈیشنز کا تجربہ حاصل کرنے کیلئے انگلینڈ آیا ہوں جس کا سینئرز نے مشورہ دیا تھا تاہم پاکستان سے باہر کھیلنا ہمیشہ چیلنج ہوتا ہے لیکن میں یہاں پر کچھ اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوا ہوں اور اپنے کلب کے لیے موجودہ سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا کھلاڑی ہوں۔ نئی سلیکشن کمیٹی سے امید کرسکتا ہوں کہ جب میں ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی دکھاؤں گا تو ان کی نظر مجھ پر بھی پڑے گی۔ میں اپنی مایوسی کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ 2015 میں زمبابوے کے خلاف سیریز کے بعد دوبارہ مجھے ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا جبکہ میں نے اپنی ڈومیسٹک ٹیم یوبی ایل کے لیے گزشتہ سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔