بہاولپور (نامہ نگار) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پر بے حد دکھ ہوا ہے اور حکومت ہسپتالوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی بجائے سڑکوں، میٹرو بس، اورنج ٹرین پر توجہ دے رہی ہے اور جنوبی پنجاب کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال قدیمی ہسپتال ہے لیکن برن یونٹ نہ ہونے سے زخمیوں کو طبی امداد فراہم نہ ہو سکی اور سانحہ کے متاثرین کو ملتان ریفر کرنا پڑ رہا ہے، علاقے کے ہسپتالوں میں علاج کی بہتر سہولتیں میسر ہوتیں تو ہلاکتیں کم ہوسکتی تھیں۔ جنوبی پنجاب میں برن سنٹر ہوتے تو درجنوں افراد کی زندگیاں بچائی جا سکتی تھیں۔ میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں والا سلوک ہو رہا ہے۔ ہسپتالوں میں برن سنٹر ہی نہیں۔ یہ افواج پاکستان کی مہربانی ہے کہ انہوں نے بروقت مداخلت کر کے متاثرہ جگہوں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوگوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ اس واقعے کے بعد افواج پاکستان نے جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ جو اظہار یکجہتی کیا اور زخمیوں کو بروقت ہسپتال پہنچایا اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے فوری طور پر ہدایت جاری کی جس کے بعد میں بہاولپور پہنچ گیا۔
شاہ محمود
جنوبی پنجاب سے سوتیلی ماں جیسا سلوک ہو رہا ہے، برن یونٹ ہوتے تو ہلاکتیں کم ہوتیں: شاہ محمود
Jun 26, 2017