سرینگر(نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے اہم ترین علاقے بادامی باغ چھاﺅنی کے قریب اہم تعلیمی ادارے ڈویژنل پبلک سکول میں چھپے لشکر طیبہ کے 2مجاہدین کے ساتھ بھارتی فورسز کا 18گھنٹے سے جاری طویل مقابلہ ختم ہوگیا۔ بھارتی فوجیوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں مجاہدین شہید ہو گئے جن کی نعشیں سکول کی عمارت سے برآمد کر لی گئیں گولیوں کی بوچھاڑ اور دھماکوں سے سکول کی عمارت کو نقصان پہنچا اس تاریخی سکول کا دورہ بھارتی وزیراعظم مودی سمیت کئی اہم شخصیات کر چکی ہیں بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ مجاہدین کی نعشوں کے پاس سے 2کلاشکوفیں بم اور دیگر سامان برآمد ہوا یاد رہے کہ گزشتہ روز مجاہدین نے پانتھا چوک میں سی آرپی ایف کی گاڑی پر حملہ کردیا اور قریب واقع ڈویژنل پبلک سکول کی عمارت میں جا چھپے تھے حملے میں سی آر پی ایف کا سب انسپکٹر صاحب شکلا ہلاک اور ڈرائیور سمیت 3اہلکار شدید زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد بھارتی فورسز کی بھاری نفری نے سکول کا محاصرہ کر لیا فائرنگ اور مارٹر گولے پھینکتی رہی جس سے عمارت کو نقصان پہنچا، قابض انتظامیہ نے قابض انتظامیہ نے حملے کے بعد علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی ۔ انتظامیہ نے احتجاجی مظاہرے روکنے کے لیے علاقے میں سخت پابندیاں نافذکر دیں۔ دوسری طرف جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا بھارت نے مقبوضہ علاقے کو ایک قتل گاہ میں کردیا ہے جہاں قابض بھارتی فورسز نے صرف 8جولائی 2016 سے سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کو شہید ، ہزاروں کو زخمی ، سینکڑوں کو بصارت سے محروم جبکہ ہزاروں کوتھانوں ، جیلوں اور تفتیشی مراکز میں پہنچا یا ۔ ایک بیان میںانہوں کہا بھارتی ریاستی دہشت گردی کا واحد مقصد کشمیریوں کے جذبہ¿ آزادی کو ختم کرنا ہے لیکن بھارت اور اسکے ریاستی گماشتوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ ظلم و جبر کے ان ہتھکنڈوں سے وہ کشمیری عوام کو ہرگز مرعوب نہیں کر سکیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئر مین سید علی گیلانی نے کشمیر سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری صحیح معنوں میں عید کی خوشیوں اور مسرتوں سے اسی وقت سر فراز ہونگے، جب وہ بھارت کے جبری قبضے سے آزاد ہو جائیں گے۔ دریں اثنا حریت فورم کے چیئر مین میر واعد عمر فاروق نے بھی ایک بیان میں کشمیری عوام سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو دل کی گہرائیوں کے ساتھ عید کی مبارکباد دی۔ ادھر گلمرگ کے علاقے میں چیئر لفٹ پر درخت گرنے سے 8افراد ہلاک ہو گئے جن میں5سیاح شامل ہیں۔
کشمیر