کراچی(پ ر)نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم وقدرتی وسائل ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے گھریلوں صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں 300فیصد اضافے کو غریب ،بے روزگاراور بے یارومددگار،سفید پوش،کم آمدنی والے افراد پر گیس بم گرانے کے مترادف قراردیاہے۔انہوںنے کہاابھی چند روزقبل نگراں حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گراکرپیٹرولیم مصنوعات میں خاطر خواہ اضافہ کیاتھا۔انہوںنے نگراں حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافوں ،مہنگائی کا جن قابو نہ کرنے ،ذخیرہ اندوزوں ،منافع خورروں اور بدعنوانوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر نگراں حکومت پر سوالیہ نشان قراردیا۔انہوںنے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اگرعوام ریلیف چاہتے ہیں اور ملک میں حقیقی جمہوری اور اسلامی نظام کے خواہاں ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ دیانتداراور آئینی ضابطوں پر پورااُترنے والے نمائندوں کو منتخب کریںاور ایسے افرادچنیںجو پیٹرولیم ،ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کااختیارپیٹرولیم فروش کمپنیوں سے واپس لیںاور اوگرامیں عوامی نمائندوں سمیت ہرمتاثرہ فریق کوشامل کریں۔انہوںنے کہاکہ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ نگراں حکومت کا کام شفاف اور بروقت الیکشن کا انعقاداور باکردارافرادکا چناؤ ہے۔