احتساب بیورو ہیڈ کوارٹرز کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی‘ کچھ لوگ گرفتار ہو کر سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں : چیئرمین نیب

لاہور (اسٹاف رپورٹر) بدعنوانی کیخلاف نیب کا بلاتفریق جہاد جاری رہے گا، اللہ تعالی اور اللہ پاک کے رسول کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے۔ نیب ہیڈ کوارٹر کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دی گئی، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، آنیوالے دنوں میں میگا کرپشن کیسز کے اکثر مقدمات ریفرنس کی صورت میں احتساب عدالتوں میں شواہد کے ساتھ اور قانون کے مطابق دائر کردئیے جائیں گے۔ میگا کرپشن مقدمات کو فائلوں سے نکالا اور انکی گرد صاف کی جس کی وجہ سے میگا کرپشن مقدمات میں حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی۔ کچھ لوگ الیکشن سے قبل گرفتار ہو کر سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور آفس کے دورہ کے موقع پر افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی اور اللہ پاک کے رسول کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے۔ نیب لاہور میرٹ اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیگا۔ ایک ہزار 328 ملزموں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔ نیب لاہور کی کارکردگی انتہائی متاثر کن ہے۔ 18 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کرتے ہوئے متاثرین کو لوٹائے ہیں۔ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا، ہم نے نیب میں کام کام اور صرف کام کے کلچر کو فروغ دیا ہے، ہم نے 7 ماہ کے مختصر عرصہ میں نہ صرف نیب کی ساخت کو بہتر بنایا بلکہ عوام کا اعتماد بھی نیب پر بڑھا ہے۔ پنجاب میں کمپنیز سکینڈل میں اربوں روپے کی مبینہ بدعنوانی ہوئی، نیب فیس نہیں کیس کو دیکھتا ہے۔ نیب کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، نیب کے سامنے صرف اور صرف پاکستان کا تحفظ اور بدعنوانی کا خاتمہ مقصود ہے۔ 70 سالوں میں پہلی مرتبہ نیب نے بدعنوان عناصر سے پوچھا ہے۔ قانون نے آپکو جو اختیارات دئیے انکا میرٹ اور شفافیت سے عملدرآمدکیوں نہیں ہوا اور عوام کے ٹیکس سے حاصل شدہ رقوم کو دونوں ہاتھوں سے کیوں لوٹ گیا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ تمام کیسز میں گرفتاریاں میرٹ پر ہوں گی۔ نیب کسی کی خواہش کے مطابق گرفتاریاں نہیں کرتا۔ عوام میں شعور آچکا نیب کو بم سے اُڑانے سے کچھ نہیں ہوگا۔ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ نیب الیکشن سے قبل سیاستدانوں کو گرفتار کرے تاکہ وہ سیاسی شہید بن جائیں۔ میگا کرپشن مقدمات میں حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی۔ میگا کرپشن مقدمات کو فائلوں سے نکالا اور ان کی گرد صاف کی۔ چند لوگوں نے وطیرہ بنا رکھا ہے کہ نوٹس کے باوجود نیب نہیں آتے۔ نیب پر عوام کا اعتماد بڑھا ہے، بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔
چیئرمین نیب

ای پیپر دی نیشن