عالمی طاقتوں کا اصل ہدف نوجوان نسل کو اخلاقی پستی اور تباہی کی طرف دھکیلنا ہے

Jun 26, 2018

اسلام آباد( نا مہ نگار) انجمن طلباء اسلام پنجاب کے زیر اہتمام تین روزہ صفہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی ۔ورکشاپ میں مختلف سیاسی ، سماجی اور مذہبی رہنماوں سمیت صحافی برادری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اہم موضوعات پر خصوصی لیکچرز دئے ۔ تین روز تک جاری رہنے والی و رکشاپ میں طلبہ کیلئے درس قرآن ، تربیتی ، اصلاحی اور ملکی و بین الاقوامی سیاست پر خصوصی لیکچرز ، تقریری مقابلہ ، سٹڈی سرکل، گروپ ڈسکشن، طلبہ عدالت اور میڈیا کے سیشن منعقد کئے گئے ۔اس موقع پر مرکزی صدر اے ٹی آئی و متحدہ طلبہ محاذ نعمان الجبار ، بانی رکن اے ٹی آئی میاں فاروق احمد، وائس چیئر مین سنی اتحاد کونسل سید جواد الحسن کاظمی ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سنی اتحاد کونسل ارشد مصطفائی ، صدر پاکستان فلاح پارٹی پنجاب سید راشد گردیزی ، سینئر صحافی امجد نذیر بھٹی ، سابق صدر سید آفتاب عظیم ، ناظم پنجاب رمیز حسن ، جنرل سیکرٹری پنجاب محمداکرم رضوی ، نائب ناظم سید عزیز ، نا ظم ورکشاپ طلا ل بٹ ودیگر نے خصوصی شرکت کی ۔اختتامی سیشن میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر اے ٹی آئی نعمان الجبار کا کہنا تھا کہ ملک کی نصف آباد ی سے زائد طبقہ بے راہ روی اور غلط سمت پر گامزن ہے ۔ طلبہ اور بالخصوص نوجوانوں کو بیدار ہوکر مستقبل قریب میں ملکی تعمیر کے استحکام کیلئے بھاری ذمہ داری ادا کرنا ہوگی ۔ عالمی طاقتوں کا اصل ہدف نوجوان نسل کو اخلاقی پستی اور تباہی کی طرف دھکیلنا ہے ۔ اے ٹی آئی طلباء کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت کے ذریعے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے مشن پر عمل پیرا ہے ۔ ناظم پنجاب رمیزحسن راجہ کا کہنا تھا کہ ہالینڈ میں ایک بار پھر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی خبریں اعلان جنگ ہیں ۔ عالمی امن کے ٹھیکیدار ڈیڑ ھ ارب مسلمانوں کے جذبہ ایمانی کو مجروح کررہے ہیں ۔ناموس رسالت اہل ایمان کیلئے ریڈ لائن ہے ۔ مسلم حکمران مسئلہ ناموس رسالت پر واضح موقف اختیار کریں۔جنرل سیکرٹری پنجاب محمد اکرم رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی چھپی صلاحیتوں کو سامنے لانے اور نکھارنے کیلئے اس طرح کی ورکشاپس وقت کی اہم ضرورت ہے ۔طلبہ تنظیمات آج بھی طلبہ بہبود کیلئے میدان عمل میں ہیں ۔

مزیدخبریں