فیفا ورلڈ کپ ،مسلسل شکستوں سے ارجنٹائنی فٹبال کوچ کے اختیارات سلب

Jun 26, 2018

ماسکو(آئی این پی) ارجنٹائن کی ورلڈ کپ ٹیم اس وقت انتشار کا شکار ہوگئی جب انہیں پتہ چلا کہ جارج سمپاولی ان کے ہیڈ کوچ تو ضرور ہونگے لیکن ان کے اختیارات سلب کرلئے گئے ہیں۔فیفا ورلڈ کپ کے گروپ میچز میں آئس لینڈ کیخلاف میچ 1-1سے برابر اور کروشیا کے ساتھ 0-3کی شکست کے بعد سینئر کھلاڑیوں نے اے ایف اے کے جنرل منیجر سے ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں اپنی تشویش ظاہر کی۔ ارجنٹائن کے 1986کے ورلڈ کپ کے فاتح ریکارڈو گسٹی نے دعوی کیا کہ انہوں نے اس سلسلے میں ٹیم کے سربراہ سے بات کی تھی۔ ارجنٹائن اس وقت گروپ ڈی میں چوتھی پوزیشن پر ہے۔ گسٹی نے کہا کہ اب 26جون کو نائیجریا کیخلاف کھیل کیلئے ٹیم کے کھلاڑی فیصلہ کریں گے کہ کس کو کس کو ٹیم میں شامل کیا جائے۔ اگر سمپاولی اس میٹنگ میں شرکت کرنا چاہتے ہیں تو صحیح لیکن کوئی مسئلہ نہیں۔ سمپاولی نے گزشتہ شب ارجنٹائن ایف اے کے صدر سے ٹیلیفون پر بات کی تھی اور ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ خیال ہے کہ ٹیم کے چناو کیلئے میسی اور ہاویئر دونوں سے رابطہ کیا جائے گا کیونکہ ارجنٹائن کو گروپ میں دوسری پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے نائیجیریا کیخلاف فتح ضروری ہے لیکن اس کیلئے آئس لینڈ کو کروشیا کیخلاف جیتنا ہوگا۔ ارجنٹائن کو اپنا گول اوسط بھی بہتر بنانا ہوگا۔

مزیدخبریں