میکسیکو میں یکم جولا ئی کو عام انتخابات سے قبل مختلف واقعات میں 100 سے زائد سیاستدان قتل

Jun 26, 2018

میکسیکو (اے این این )میکسیکو کے قصبے اوکیمپو میں میئر کے ایک امیدوار کے قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں تمام پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔64سالہ فرنینڈو اینجلز یوریز کوگزشتہ جمعرات کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔یکم جولائی کو عام انتخابات سے قبل میکسیکو میں 100 سے زائد سیاستدانوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔اینجلز یوریز مغربی ریاست مشوکن میں قتل کئے جانے والے تیسرے سیاستدان ہیں۔اس قصبے کے 27پولیس اہلکاروں اور مقامی پبلک سکیورٹی سیکرٹری کو فیڈرل فورسز نے گزشتہ روز حراست میں لیا۔اینجلز یوریز ایک کامیاب کاروباری شخصیت تھے اور محدود سیاسی تجربہ رکھتے تھے۔کچھ عرصہ قبل انھوں نے میکسیکو کے بڑی سیاسی جماعت ڈیموکریٹک ریوولوشن میں شمولیت اختیار کی تھی۔ان کے قتل کے بعد استغاثہ نے اوکیمپو کے پبلک سکیورٹی سیکریٹری اوسکر گونزالیز کارشیا کے اس میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔گزشتہ روز جب میکسیکو کی فیڈرل فورس کے اہلکار انہیں حراست میں لینے کے لیے اس قصبے پہنچے تو مقامی پولیس اہلکاروں نے انھیں روکا تھا۔وہ واپس چلے گئے اوراگلی صبح مزید نفری کے ساتھ آئے اور سیکریٹری سمیت تمام پولیس فورس کو گرفتار کر لیا۔انہیں ہتھکڑیاں لگائی گئیں اور پوچھ گچھ کیلئے ریاستی دارالحکومت موریلیا لے گئے۔استغاثہ کا الزام ہے کہ پولیس اہلکاروں اور گونزالیز گارشیا کے منظم جرائم پیشہ گروہوں کے ساتھ روابط ہیں۔آئندہ ہفتے میکسیکو میں چیمبر آف دپٹیز کے صدر، سینیٹرز اور ارکان کے لیے انتخابات منعقد ہوں گے۔جس میں 3000سے زائد علاقائی اور مقامی سطح کی نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔

مزیدخبریں