اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) احتساب عدالت نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں بابر اعوان کو بری کر دیا جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کی بریت کی درخواست مسترد کر دی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے متعلق ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ سماعت میں عدالت نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے بریت کی درخواستوںپرفیصلہ سنایا۔ نندی پور ریفرنس کے پانچوں ملزمان نے ٹرائل مکمل کرنے سے قبل بری کرنے کی استدعا کی تھی۔ ان میں بابر اعوان‘ سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف‘ سمائلہ محمود ریاض کیانی اور ڈاکٹر ریاض شامل تھے۔ عدالت نے بابر اعوان کو بری کر دیا جبکہ شمائلہ محمود‘ پرویز اشرف اور ریاض محمود کی بریت کی درخواستیں مسترد کر دیں جبکہ جسٹس (ر) ریاض کیانی کی درخواست بریت بھی منظور کرلی۔ یاد ررہے نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبے میں 2 سال کی تاخیر ہونے سے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچا تھا۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف‘ سابق وزیرقانون بابر اعوان‘ سابق سیکرٹری قانون اور دیگر پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ نیب ریفرنس میںعائد الزامات پر بابر اعوان وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔