ممبئی (آئی این پی)لیجنڈ بیٹسمین اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا کو دل کی معمولی تکلیف کے بعد ممبئی کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔اس سے قبل انھوں نے بے چینی اور بے آرامی کی شکایت کی تھی جس کے بعد انھیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے انکا معائنہ کیا۔دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اب وہ مکمل طور پر صحتیاب اور ہشاش بشاش ہیں اور انکی حالت خطرے سے باہر ہے۔واضح رہے کہ ماضی کے عظیم بیٹسمین گزشتہ چند ماہ سے ممبئی میں مقیم ہیں جہاں پر وہ ایک بھارتی ٹیلی ویژن کیلیے کرکٹ کمینٹری کرتے ہیں۔پہلے وہ انڈین پریمیئر لیگ کے لیے یہ فرائض انجام دے رہے تھے اور آجکل وہ ورلڈ کپ کے حوالے سے تبصرے کررہے تھے۔پچاس سالہ برائن لارا جنھوں نے دو مئی کو اپنی سالگرہ منائی ہے، ممبئی میں مذکورہ بھاتی چینل کے لیے تبصرے کے دوران بیٹ پکڑ کر وہ غلطی بتاتے ہیں جسکی وجہ سے بیٹسمین آئوٹ ہوتا ہے یا پھر غلط شارٹ کھیلتا ہے۔یاد رہے کہ 1990سے 2007کے دوران انھوں نے ویسٹ انڈیز ٹیم کے لیے 131ٹیسٹ میچوں میں 34سنچریوں کی مدد سے گیارہ ہزار 953رنز جبکہ 299ایک روزہ بین الاقومی میچوں میں 19سنچریوں کی مدد سے دس ہزار 405رنز اسکورکیے۔ برائن لارا کا شمار کرکٹ کی تاریخ کے چند ایک عظیم بیٹسمینوں میں ہوتا ہے۔