اے پی سی:پیپلزپارٹی اور ن لیگ نےاسمبلیوں سےاستعفے کی مخالفت کردی

Jun 26, 2019 | 19:45

ویب ڈیسک

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے آل پارٹیز کانفرنس میں اسمبلیوں سے استعفے کے بارے جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کی تجویز کی مخالفت کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں بڑی جماعتوں نے موقف اختیار کیا کہ اسمبلیوں سے استعفیٰ ملکی مسائل کا حل نہیں ہے، پارلیمنٹ سے باہر رہ کر اپنا موقف بہتر طریقے سے نہیں دے سکیں گے، پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر موثر اور مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کیخلاف آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا اجلاس اسلام آباد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی 2018ء کو ہونے والے عام انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی، اس دن کو ملک بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منانا چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام میں پیشرفت نہیں ہوئی۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم یک زبان ہو کر فیصلے کریں۔ انہوں نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی تجویز دی۔

اجلاس سے خطاب میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں اس سے بدترین بجٹ نہیں دیکھا۔ ہم اسمبلی کے اندر اور باہر کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

مزیدخبریں