کوہالہ ہائیڈل پاور پراجیکٹ کا سہ فریقی تاریخی معاہدہ: 2.4 ارب ڈالرسرمایہ کاری ہو گی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ وقائع نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) 1124میگاواٹ کوہالہ ہائیڈرو پاور منصوبے کا تاریخی سہ فریقی معاہدہ ہو گیا۔ تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان‘ چینی سفیر یائوجنگ‘ وزیراعظم آزاد کشمیر بھی موجود تھے۔ توانائی کے شعبے میں 2.4ارب ڈالرکی سرمایہ کاری ہو گی۔ وزیر اعظم نے خطاب کرتے کہا درآمدی فیول سے بجلی بنانے کی وجہ سے قیمتیں بڑھیں۔ تیل سے بجلی بنانے سے ماحول پر برا اثر پڑتا ہے فیول کے بجائے کلین انرجی پر توجہ دے رہے ہیں، یہ سب سے بڑی انویسٹمنٹ ہے، پاکستان میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کی بہت صلاحیت ہے۔ معروف تھری گارجیز کمپنی پراجیکٹ بنائے گی، منصوبے سے آزاد کشمیر میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں سب سے بڑی 2ارب 40کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہے۔ وزیراعظم کے سی پیک منصوبوں کو تیز کرنے کی واضح ہدایات کے ساتھ تمام سٹیک ہولڈرز نے اس دن کے لئے انتھک محنت کی۔ وزیراعظم ایک روزہ دورے پر آج مظفر آباد جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان صدر اور پی ایم آزاد کشمیر سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم کو منصوبے پر بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم مظفر آباد میں تقریب سے خطاب کریں گے آزاد کشمیر میں احساس پروگرام سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم احساس پروگرام کے تحت چیکس تقسیم کریں گے۔ آزاد کشمیر میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ پر بریفنگ دی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن