لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے 31واں اجلاس میں سمبلی(نارتھ) ریزرو فاریسٹ کو سالٹ رینج نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔ کابینہ نے13700ایکڑ اراضی پر سالٹ رینج نیشنل پارک کے قیام کیلئے نوٹیفکیشن کے اجراء کی منظوری دے دی۔ نیشنل پارک میں درخت کاٹنے اور شکار پر پابندی ہوگی اورنیشنل پارک کی اراضی کسی دوسرے مقصد کے لئے استعمال نہیں ہوسکے گی۔ عثمان بزدار نے نیشنل پارک کی مینجمنٹ کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی نیشنل پارک کے امور کی نگرانی کرے گی۔ صوبائی کابینہ نے پنجاب میں صوبائی محتسب کے عہدے کیلئے میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی تقرری کی منظوری دی۔ فلور ملوں کو گندم ریلیز کرنے کے لئے عبوری پالیسی 2020-21 کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی گندم ریلیز کرنے کی پالیسی کے بارے میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ دی کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1925 اور دی پنجاب ان ڈیزار ایبل (Undesirable)کوآپریٹو سوسائٹیز (Dissolution) ایکٹ 1993 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں رواں سیزن میں ریکارڈ گندم خریدنے پر وزیراعلیٰ، سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور محکمہ خوراک کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔ عثمان بزدار نے پنجاب حکومت نے 10سال کے بعد پہلی بار ریکارڈ گندم خریدی ہے۔ پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ گندم ریلیز کی پالیسی کو حتمی شکل دیتے ہوئے عام آدمی کو ریلیف دینے پر پوری توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کمزور طبقے کے لئے آسانیاں پیدا کررہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ گندم کے اجراء کے حوالے سے پالیسی بناتے وقت کمزور طبقے کاخیال رکھا جائے گا۔ عثمان بزدار نے صوبائی وزراء کو بجٹ سیشن میں بھرپور انداز میں شرکت کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزراء اور ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے عوامی نمائندوں کے علاقوں کے مسائل کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پوری توجہ ہے۔ عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتاہوں۔ میرے دروازے آپ سب کے لئے کھلے ہیں اور عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہوں۔ ہم تشہیر کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔ موجودہ بجٹ میں ہر علاقے کی یکساں ترقی پر فوکس کیا گیا ہے۔ منتخب نمائندے اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ کرونا وباء کے باعث پاکستان سمیت پوری دنیا نئے دور میں داخل ہوچکی ہے۔ افسوس کا امر ہے کہ پاکستان کی اپوزیشن ماضی میں ہی زندہ ہے۔کرونا وباء کا پاکستانی اپوزیشن پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ اپوزیشن رہنماء پہلے بھی تنقید برائے تنقید کرتے تھے اورآج بھی اسی روش پر چل رہے ہیں۔ 22کروڑ پاکستانی عوام اپوزیشن رہنماؤں کے دوغلے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔ آج واویلا کرنے والوں نے اپنے دور میں شعبہ صحت کو بری طرح نظرانداز کیا او ر یہ لوگ اپنے دور میں ایک بھی ہسپتال ایسا نہیں بنا سکے جہاں یہ اپنا علاج کرا سکیں۔ ہماری حکومت نے سب سے زیادہ توجہ شعبہ صحت پر دی ہے۔ صحت کے بجٹ میں جتنا اضافہ تحریک انصاف کے دور میں ہوا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی جبکہ اپوزیشن جماعتوں کا کرونا وائرس جیسے قومی مسئلے پر بھی پوائنٹ سکورنگ کرنا قابل مذمت ہے۔ یہ وقت سیاست چمکانے کا نہیں بلکہ اتحاد کا ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت موجودہ حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اورکھڑی رہے گی۔ عثمان بزدار نے رکن پنجاب اسمبلی سنٹر آف ایکسیلینس اور دانش سکول اتھارٹی کی چیئرپرسن سمیرا احمد نے ملاقات کی۔
کرونا کا اپوزیشن پر کوئی اثر نہیں، ماضی میں زندہ ہے: عثمان بزدار
Jun 26, 2020