مقبوضہ کشمیر کی صورتحال خطے کیلئے خطرناک ہے، ائیرمارشل احمرشہزاد

کراچی (نیوزرپورٹر) ائیر وار کالج کراچی میں جمعرات کو33ویں ائیر وار کورس کی کانووکیشن اور گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ ائیر مارشل احمر شہزاد، وائس چیف آف دی ائیر اسٹاف، پاکستان ائیر فورس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ مہمانِ خصوصی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ جیو پولیٹیکل اور اسٹریٹیجک حالات سے مکمل آگہی نہ صرف سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر اثرانداز ہوتی ہے بلکہ آنے والے خطرات کے بروقت سدِ باب کی تیاری میں معاون ثابت ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ "جنوبی ایشیا کے تناظر میں، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے ساتھ ساتھ چین اور بھارت کے مابین موجود کشیدگی خطے کے لئے خطرناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عصرِ حاضر میں کوئی فوج روایتی یا غیر روایتی جنگ میں اکیلے کامیابی حاصل نہیں کر سکتی اس لئے عسکری آپریشنز میں کامیابی کے لئے مشترکہ حکمتِ عملی مرکزی حیثیت حاصل کر چکی ہے اس کے ساتھ ساتھ سائبر، اسپیس اور ہائیبرڈ وارفئیر کے میدان میں ترقی بھی اشد ضروری ہے۔بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے افسران میں اسناد تقسیم کیں۔ گروپ کیپٹن تنویر احمد کو کورس میں ٹاپ گریجویٹ ٹرافی عطا کی گئی۔ ائیر وار کالج پاک فضائیہ کا ایک قابلِ فخر ادارہ ہے جہاں پاکستان کی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران کو ائیر پاور، جنگی حکمتِ عملی اور اعلی ذمہ داریوں کے لئے تیار کیا جاتا ہے۔گریجویٹ ہونے والوں میں پاک فضائیہ، آرمی اور نیوی کے علاوہ تیرہ دوست ممالک کی افواج سے تعلق رکھنے والے افسران شامل تھے جن میں بنگلہ دیش، بحرین، چین، مصر،انڈونیشیا، عراق، اردن، ملائیشیا،نائیجیریا، جنوبی افریقہ، سری لنکا، سعودی عرب اور زمبا بوے شامل ہیں۔اس تقریب میں اعلی فوجی وسول عہدیداران کے علاوہ دوست مماک کے سفارت کار بھی شریک ہوئے۔

ای پیپر دی نیشن