واشنگٹن (صباح نیوز)امریکہ کی قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن نے دعوی کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے سابق صدر بش کو احمق اور افغانستان میں امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد کو دھوکے باز کہا تھا۔صدرٹرمپ نے جان بولٹن کو بیمارکتے کے پلے سے تشبیہ دے دی۔جان بولٹن کی کتاب منظرِ عام پر آگئی ہے جس میں انہوں نے دعوی کیا ہے کہ افغانستان کی صورتِ حال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوجیوں سے کہا کہ داعش سے روس کو نمٹنے دیں۔جان بولٹن کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ 7 ہزار میل دور ہے اور اس کے باوجود ان کا ہدف ہے، شام میں بھی روس اورایران ہی کو داعش سے نمٹنا چاہیے۔جان بولٹن کی کتاب میں ان کے ازلی مخالف حلقوں کی گہری دلچسپی بولٹن کا دعوی ہے کہ ٹرمپ نے افغانستان کی صورتِ حال کو خوفناک منظر قرار دیا اور کہا کہ امریکا وہاں سے کبھی نہیں نکل سکے گا، یہ ایک ایسے احمق شخص کا کیا دھرا ہے جس کا نام جارج بش تھا۔جان بولٹن کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ لاکھوں لوگ مارے گئے، کھربوں ڈالر خرچ ہو گئے اور پھر بھی امریکا انخلا نہیں کر پا رہا اور اب بھی امریکا کی پٹائی ہو رہی ہے، امریکا ہر چیز ہار چکا ہے، یہ مکمل ناکامی، زیاں اور شرم ناک ہے۔امریکہ کی قومی سلامتی کے سابق مشیر کے مطابق ایک موقع پر صدر ٹرمپ نے افغانستان میں امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد کو دھوکے باز کہا اور ساتھ یہ بھی کہا کہ اس مقصد کے لیے آپ کو دھوکے باز ہی کی ضرورت پڑتی ہے۔بولٹن کے مطابق صدر ٹرمپ میٹنگز کے دوران افغانستان کے صدر اشرف غنی کا نام لینے کے بجائے حامد کرزئی کہہ دیتے تھے۔