سکھر ( بیورورپورٹ) میونسپل کارپوریشن شعبہ صفائی اور انڈر گرائونڈ کے افسران کے درمیان جاری سرد جنگ نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے شہر کے گنجان آبادی کے علاقے پرانا سکھر ، لطیف پارک ، میونسپل بوائز ہائی اسکول ، مہران اسکول ، قریشی روڈ ، والس روڈ ، مدرسہ جامعہ اشرفیہ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں نکاسی آب کا سٹم مفلوج ہونا روز کا معمول بن گیا ہے گٹر نالیاں ابلنے سے گندہ پانی گلی محلوں ، سڑکوں پر جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جمعرات کے روز بھی لطیف پارک ، والس روڈ کے علاقوں میں گٹر نالیاں ابلنے سے گندہ پانی سڑکوں پر جمع رہا جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا واضح رہے کی شعبہ صفائی کا عملہ گٹر نالیاں بند ہونے کا ذمہ دار انڈر گرائونڈ کے افسران کو ذمہ دار قرار دے رہا ہے سینٹری انسپکٹرز اور عملہ کا کہنا ہے کہ گٹر وں کی صفائی کرنا ہماری ذمہ داری نہیں ہے انڈر گرائونڈ کے افسران گٹر وں کی صفائی کرنے والے عملے سے کام نہیں لے رہے ہیں شہریوں نے میئر سکھر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پرانا سکھر سمیت شہر کے دیگر علاقوںمیں مفلوج نکاسی آب کے سٹم کو بہتر کیا جائے اور کام چور افسران و عملے کے خلاف کاروائی کی جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی آسکے ۔