کراچی(کامرس رپورٹر) پالپا کے ترجمان نے پی آئی اے سے جعلی ڈگریوں پر بھرتی کئے گئے پائلٹوں سمیت دیگر ملازمین کو شوکاز نوٹس دیئے جانے اور ان کے خلاف اقدامات کی تائید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ یہ اقدامات تمام ایسے افسران کے خلاف بھی کئے جائیں جو اہم انتظامی عہدوں پر تعینات ہیں۔ ایسے افراد نہ تو متعلقہ ایوی ایشن تجربہ اور نہ تعلیمی استعداد کے حامل ہیں۔ترجمان نے کہا کہ اس سے ایئر لائن میں سفارش کلچر کا خاتمہ ہوگا اور ادارے کی ترقی میں مدد ملے گی۔ یہ ایک خوش آئند عمل ہے لیکن انتظامی عہدوں پر ایسے افسران کو بھی شوکاز نوٹسز دیئے جائیں جو عہدوں کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے میں ایسے دیگر ملازمین کے خلاف بھی یکساں برتائو کیا جائے جو بغیر کسی فضائی تجربے اہم انتظامی عہدوں پر کام کررہے ہیں ۔ انہیں بھی ایئر لائن کی اہم ملازمتوں سے فارغ کیا جائے۔