اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی راہنمائوں سابق وفاقی وزیر سینیٹر پرویز رشید اور معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے ملٹری ہسپتال میں زیر علاج وزیر اطلاعات وسیاحت و سپورٹس مشتاق منہاس کی خیریت دریافت کی اوران کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے مسلم لیگ آزاد جموں و کشمیر کے راہنما اور ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی سے ٹیلیفون پر مشتاق منہاس کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ سردار عبدالخالق وصیؔ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے مشتاق منہاس بدرجہ اتم بہتر ہورہے ہیں انہیں کرونا کا شدید حملہ ہوا جس سے تیز بخار اور خشک کھانسی میں شدت کی وجہ سے ہسپتال داخل کرنا پڑا اب انہیں پلازمہ بھی لگایا گیا اللہ کے فضل وکرم سے بہتر محسوس کر رہے ہیں۔سردار عبدالخالق وصیؔ نے کہا کہ ہمارے دیگر وزرا کرام چوہدری طارق فاروق، احمد رضا قادری، ناصر ڈار، قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین اور سابق وزیر راجہ محمد یاسین بھی کرونا کا شکارہوگئے تھے۔ الحمد للہ سب ٹھیک ہوگئے ہیں اور مشتاق منہاس بھی اللہ کے فضل وکرم اور بہی خواہوں کی دعائوں و صدقات سے ماشاء اللہ بہت بہترہو رہے ہیں اللہ تعالیٰ صحت کاملہ سے نوازے۔