سندھ پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق تحقیقات میں سست روی پرعدالت برہم

کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے سندھ پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں اور کرپشن سے متعلق تحقیقات میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیںکہ سیاسی کیس ہو یا پھر جن کیسز میں نیب کی اپنی دلچسپی ہوتی ہے ان کی انکوائری جلدی مکمل کرلی جاتی ہے، عدالت نے مزیدسماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔جمعرات کوسندھ ہائیکورٹ میں سندھ پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں اور کرپشن کے الزم میں احمد علی وسان و دیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت عدالت نے تحقیقات میں نیب حکام کی سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سیاسی کیس ہو یا پھر جن کیسز میں نیب کی اپنی دلچسپی ہوتی ہے ان کی انکوائری جلدی مکمل کرلی جاتی ہے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ تفتیشی افسر کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے اس لیے انکوائری مکمل نہیں ہوئی تفتیشی افسر کے جواب پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مزید ریمارکس دیئے کہ کیا نیب کے پاس ایک ہی تفتیشی افسر ہے؟ عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ ہر دوسرے کیس میں نیب کی جانب سے کہا جارہا ہے کورونا وائرس کی وجہ سے تحقیقات مکمل نہیں ہوئی، جس پر عدالت نے نیب تحقیقات سے متعلق عدالتی حکم نامہ کی کاپی چیئرمین نیب کو ارسال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن