ایران پر اسلحہ کی خریداری پرعائد پابندی برقرار رہنی چاہیے

Jun 26, 2020

واشنگٹن (صباح نیوز)امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا ایران کو اسلحہ کے حصول پرعاید پابندی میں توسیع کے لیے کام کررہا ہے۔ خیال رہے کہ ایران پر عالمی سطح پر اسلحہ اور جنگی ہتھیاروں کے حصول پرپابندی کی مدت آئندہ اکتوبر میں ختم ہو رہی ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران پر اسلحہ کے حصول پر عاید کی گئی پابندی کا خاتمہ دہشت گرد ملیشیائوں کے لیے اچھی خبر ہوگی کیونکہ ایرانی وہ اسلحہ اپنے وفادار دہشت گرد عناصر کو فراہم کرے گا۔ ایران کو دہشت گردی کے لیے فنڈز فراہم کرنے کی تجویز ناقابل قبول ہے۔ پوری دنیا کو یہ جان لینا چاہیے کہ ایران کو اسلحہ کی فراہمی کے خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مناسب وقت آنے پر امریکا ایران کے ساتھ بات چیت کرے گا مگر ایران کو اسلحہ کے حصول میں کسی قسم کی ڈھیل نہیں دی جاسکتی۔وہ اپنے اتحادیوں اور دوست ممالک کے ساتھ ایران کو اسلحہ کی فراہمی پرعاید کردہ پابندی میں توسیع کے لیے صلاح مشورہ کررہے ہیں۔

مزیدخبریں