اسلام آباد: وزیراعظم کوہالہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے تاریخی سہ فریقی معاہدے کے بعد آج منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، عمران خان کا مظفر آباد میں تقریب سے خطاب بھی شیڈول ہے جبکہ آزاد کشمیر میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پر بریفنگ بھی پلان کا حصہ ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سہ فریقی معاہدہ طے پایا۔ 1124 میگا واٹ کے پن بجلی کے اس منصوبے پر 2 ارب 40 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کی جائے گی۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات و چیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کوہالہ ہائیڈل پاور پراجیکٹ کی سہ فریقی دستخط کی تقریب تاریخی دن ہے۔بجلی کے شعبے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری عمل میں لائی جا رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی سی پیک پراجیکٹس کو تیز کرنے کی واضح سمت کے ساتھ، تمام سٹیک ہولڈرز نے اس دن کیلئے سخت محنت کی۔