کراچی: سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن انتقال کر گئے۔
سید منور حسن کے انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے طلحہ منور حسن نے کرتے ہوئے کہا کہ والد کی اچانک طبیعت خراب ہوئی تو انہیں قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
سید منور حسن اگست 1941 میں دہلی میں پیدا ہوئے تھے۔ آزادی پاکستان کے بعد ان کے خاندان نے پاکستان کو اپنے مسکن کے طور پر چنا اور کراچی منتقل ہو گئے تھے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی کے علاقے جیکب لائن کے ایک اسکول سے حاصل کی۔ 1963 میں جامعہ کراچی سے سوشیالوجی میں ایم اے کرنے کے بعد پھر1966 میں جامعہ کراچی سے ہی اسلامیات میں ایم اے کیا تھا۔
سابق امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے جون 1960 میں اسلامی جمعیت طلبہ میں شمولیت اختیار کی اور اکتوبر 1962 میں انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔
سید منور حسن 1962 میں اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے ناظم رہے اور 1963 میں اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم منتخب ہوئے۔ 27 دسمبر 1964 کے سالانہ اجتماع میں سید منورحسن اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔
سید منور حسن نے 1967 میں جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل، نائب امیر اور پھر امیر جماعت اسلامی کراچی کی حیثیت سے ذمہ داریاں سر انجام دیں۔ سید منور حسن مارچ 2009 میں جماعت اسلامی پاکستان کے چوتھے امیر منتخب ہوئے تھے۔
سید منور حسن نے 1977 میں کراچی سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑا اور پاکستان میں سب سے زیادہ ووٹ لے کر اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔