چین کے جنوب مشرقی صوبے ہینان میں ڈیوٹی فری سٹورز سے مصنوعات کی فروخت میں مئی کے دوران 141 فیصد اضافہ ہوا،ماہ کے دوران ان سٹورز سے مصنوعات کی فروخت کا مالیاتی حجم 1.9 ارب یوان (279 ملین ڈالر) رہا جو مئی 2019 ءکے مقابلے میں 141 فیصد زیادہ ہے۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبے میں مئی کے دوران اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی ہوئی اور ریٹیل سیل میں مئی 2019 ءکے مقابلے میں مجموعی طور پر 6.7 فیصد جبکہ اپریل 2020 ءکی نسبت 6.1 فیصد اضافہ ہوا۔ریٹیل سیل میں اضافے کی اہم وجہ یکم سے 5 مئی کے دوران انٹرنیشنل ورکرز ڈیز کے موقع پر صوبائی ڈیوٹی فری سٹورز پر صارفین کو فراہم کی جانے والی رعایت (ڈسکاﺅنٹ)ہے جس کے باعث ان کی خریداری میں اضافہ ہوا۔صوبے میں کل 4 ڈیوٹی فری سٹورز ہیں جن میں سے دو ہائیکو جبکہ ساحلی تفریحی مقامات سانیا اور چیونگھائی میں ایک ایک واقع ہے۔یاد رہے کہ حکام نے علاقے میں سیاحوں کی سہولت کے لیے دسمبر 2018 ءمیں ڈیوٹی فری خریداری کی حد 16 ہزار یوان(2280 ڈالر) سے بڑھا کر 30 ہزار یوان (4480 ڈالر) کرنے کی منظوری دی تھی۔محکمہ اعداد و شمار کے مطابق 2018 ءمیں ڈیوٹی فری شاپس پر مصنوعات کی فروخت کا حجم 10.1 ارب یوان (1.47 ارب ڈالر) رہا جبکہ 2019 ءمیں یہ بڑھ کر 13.61 ارب یوان (1.97 ارب ڈالر) تک پہنچ گیا۔
چین، ہینان کے ڈیوٹی فری سٹورز سے مصنوعات کی فروخت میں مئی کے دوران 141 فیصد اضافہ
Jun 26, 2020 | 16:05