کراچی(کامرس رپورٹر)بجلی بجران سے نمٹنے کیلئے حکومت نے سرکاری اور نجی پاور پلانٹس کو فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔اس فیصلے کے بعد کے الیکٹرک بھی 50 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد کرسکے گی۔پاور پلانٹس کو گیس کی عدم دستیابی کے باعث حکومت نے فرنس آئل کی درآمد کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس اور آئی پی پی پیز کو فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دینے کا این او سی پاور ڈویژن نے جاری کردیا ہے۔این او سی کے مطابق پاور پلانٹس ضرورت کے مطابق فرنس آئل امپورٹ کر سکتے ہیں تاہم پہلے ملک میں دستیاب مقامی فرنس آئل کو مکمل استعمال کرنا ہوگا۔ کے الیکٹرک کو بھی 50 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔کے الیکٹرک کا 25 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل کا پہلا کارگو یکم جولائی کو پہنچے گا۔ حکام کے مطابق مستقبل میں پاور پلانٹس کو فرنس آئل کی طلب کے حوالے سے پاور اور پٹرولیم ڈویژن مل کر کام کریں گے۔پالیسی کے مطابق پاور پلانٹس کو فرنس آئل پی ایس او کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے، اس وقت ملک میں 2 بڑے گیس فیلڈز قادرپور اور کنر پساکی کی بندش کے باعث پاور پلانٹس کو گیس کی 50 فیصد سے زائد قلت کا سامنا ہے۔ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پاور پلانٹس کو اپنے طور پر فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دی گئی۔