اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد اور طویل مدتی دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان سے ٹیلی فون پر رابطے کرنے والی سیاسی امور کے بارے میں امریکہ کی معاون وزیر خارجہ وکٹوریا نولیں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امن اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان باضابطہ رابطے ناگزیر ہیں۔پاکستان کی طرف سے جغرافیائی معیشتوں پر توجہ مرکوز کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے میدان میں تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ افغان امن عمل میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ پاک یو ایس سیکرٹری خارجہ اور نولینڈ نے مشترکہ مفادات کے تمام معاملات پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔