اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان 13 جولائی کو تاشقند میں جنوبی ایشیا اور وسط ایشیائی ممالک کی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ ان خیالات کااظہار پاکستان میں ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے سفارتخانے میں چیئرمین پاکستان سنٹرل ایشیا فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا۔کہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ میں دونوں ممالک کے مابین ریلوے منصوبہ ایم ایل ون پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ کراچی، گوادر، پشاور اور تاشقند کے مابین ٹرین کے ذریعے رابطہ سے خطے میں باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔ اس منصوبے کے نتیجے میں اسلام آباد اور تاشقند کا فاصلہ چند گھنٹوں میں طے ہو جائے گا۔ وزیراعظم کے دورہ سے قبل دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطہ بحال ہو جائے گا۔