اپوزیشن کی اچھل کود کے باوجود بجٹ اکثریت سے منظور ہو گیا: فردوس عاشق 

لاہور (نیوز رپورٹر)  معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے  ہر قسم کی اوچھل کود کے باوجود اپوزیشن ناکام ہوئی اور  حکومت بھاری اکثریت کے ساتھ بجٹ منظور کرانے  میں کامیاب ہو گئی  ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف وہپ علی عباس شاہ اور پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ارکان اسمبلی نے جمہوری طریقے سے اپوزیشن کی تمام کٹ موشنز کو رد کر دیا ہے۔تمام تر آہ و بقا کے باوجود اپوزیشن کا ایک بھی ممبر عوامی مفاد میں پیش کئے جانے والے بجٹ میں کوئی خامی نہیں نکال سکا۔معاون خصوصی نے کہاکہ  بجٹ میں پنجاب کے کونے کونے میں بسنے والے گیارہ کروڑ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایاگیاہے اور اس کے ذریعے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں معاون خصوصی نے کہاکہ جعلی راجکماری نے اپنے بیان میں کہاکہ ظل سبحانی چاہیں تو شام کو ہی واپس آجائیں۔بالآخر سچ ان کے منہ سے نکل گیا اور بلی تھیلے سے باہر آگئی۔ ثابت ہوگیا کہ ظل سبحانی کو کوئی مرض لاحق نہیں انہیں صرف اقتدار سے دوری کا مرض ہے۔

ای پیپر دی نیشن