ترقیاتی منصوبوں پرخرچ ہونیوالی رقوم عوام کی امانت ہیں: علیم خان 

لاہور(سٹی رپورٹر)سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پرخرچ ہونے والی رقوم عوام کی امانت ہیں۔ اس لیے وہ اپنے حلقے میں ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور کہیں ایک پائی بھی ضائع نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ ترقیاتی منصوبوں کو عام آدمی کیلئے مفید بنانے اور تمام کاموں کو دیرپا بنیادوں پر مکمل کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جارہا ہے جس کے لئے وہ خود موقع پر ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا معائنہ کریں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے این اے129اور پی پی158کے پارٹی کارکنوں اور مقامی رہنماؤں کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اس حلقے میں ہر سال10کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے جبکہ سڑکوں،سیوریج،واٹر سپلائی اور کارپیٹنگ سمیت مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے خصوصی فنڈز مہیا کیے جا رہے ہیں جن کے درست استعمال کیلئے پارٹی کارکنوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن