ٹیم آف پی ایس ایل6کا اعلان، محمد رضوان کپتان مقرر

Jun 26, 2021

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) ٹیم آف پاکستان سپر لیگ6 کیلئے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو کپتان نامزد کیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم آف پاکستان سپر لیگ 6 کا اعلان کر دیاہے، اعلان کردہ ٹیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے تین، تین جبکہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے دو،دو اور کراچی کنگز کا ایک کھلاڑی شامل ہے۔محمد رضوان نے ٹورنامنٹ کے 12 میچز میں  500 رنز بنائے۔ وکٹوں کے پیچھے 20شکار کرنے پر محمد رضوان کو ٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر بھی قرار دیا گیا ہے۔محمدرضوان اب تک مجموعی طور پر اعلان کردہ ٹیم آف پاکستان سپر لیگ کے تیسرے کپتان نامزد ہوئے ہیں۔ اٹیم آف پی ایس ایل 6 میں منتخب کردہ 11 کھلاڑیوں کو عمدہ کارکردگی کی بدولت شامل کیا گیا ہے۔آصف علی، بابر اعظم، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض دوسری مرتبہ ٹیم آف پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنے ہیں۔ ٹیم آف پی ایس ایل کے دو اوپنرز پاکستان کے کپتان بابراعظم اور افغانستان کے بیٹسمین حضرت اللہ زازئی نامزد ہوئے ہیں جس کے بعد کولن منرو، صہیب مقصود، محمد رضوان، اور آصف علی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کا حصہ ہوں گے۔باؤلنگ لائن اپ کی قیادت وہاب ریاض کریں گے انہیں حسن علی،  شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور افغانستان کے راشد خان کا ساتھ میسر ہوگا۔پی ایس ایل 6 کی چیمپئن ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ فائنل کا دباو ہوتا ہے، پلیئرز کو کہا کہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہیں، بائولرز پر بھروسہ تھا، انہوں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ صہیب مقصود نے یو اے ای میں عمدہ بیٹنگ کی، ہماری ٹیم نیچے سے اوپر آئی، ٹیم یکجا ہو کر کھیلی، لڑکے جیت کے مستحق تھے۔پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ فائنل میں ملتان سلطانز نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی، آخری اوورز میں ہم نے زیادہ رنز دیئے۔ پاکستان کے پاس اچھے بائولرز ہیں، انہیں ڈومیسٹک کرکٹ زیادہ کھیلنی چاہیے۔ پی ایس ایل سیزن سکس کا میلہ چیمپئن ٹیم ملتان سلطانز کے بلے باز صہیب مقصود اور شاہنواز دھانی نے اپنے نام کیا، فائنل میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ پانیوالے صہیب مقصود نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 428 رنز بنائے اور ایونٹ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔حریف کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کے بعد منفرد سٹائل سے جشن منانے والے شاہنواز دھانی کو ٹورنامنٹ میں 20 کھلاڑیوں کا شکار کرنے  پربہترین بائولر اور ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے افتخار احمد نے بہترین فیلڈر کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز فاتح ٹیم کے کپتان محمد رضوان کے نام رہا۔

مزیدخبریں