لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پنجاب بار کونسل کے زیر اہتمام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کے اعزاز میں الوداعی اور نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کے اعزاز میں استقبالیہ کی مشترکہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ ادارے مضبوط ہونے چاہئیں شخصیات آتی جاتی رہتی ہیں۔ اداروں کی مضبوطی ملک کی مضبوطی ہے۔ معاشرے کے پسے ہوئے لوگ انصاف کے لیے ہمارے پاس آتے ہیں انہیں انصاف فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں قانون کی حاکمیت کے لیے کام کرنا ہے۔ ضروری ہے ہر ادارہ اپنے دائرہ اختیار اور حدود میں رہے۔ ادارے حدود میں رہیں گے تو ہی ملک مضبوط ہو گا۔ ہم اپنے ملک میں جمہوری روایات کو پروان چڑھائیں۔ آئین کے تحت حکومت اور ادارے مخلوق خدا کی داد رسی کے پابند ہیں۔ کرونا وبا کے وقت ہم پر دباؤ تھا کہ عدلیہ کو بند کر دیں۔ ہم ڈٹ گئے کہ ہم نے عدلیہ کو بند نہیں کرنا۔ عوام کو انصاف دینے کے لیے ہم نے طے کیا کہ عدالتوں کے دروازے کھلے رہیں گے۔ کیسے ہو سکتا تھا کہ آئین کے ایک حصہ کو بند کر دیا جاتا۔ وکلاء ہڑتال کے کلچر کو ختم کردیں۔ کسی معاملہ کے حل کے لئے ہڑتال آخری حل ہے مگر یہ کام وکلاء سب سے پہلے کرتے ہیں۔ نامزد چیف حسٹس کے ہاتھ مضبوط کریں۔ نامزد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے کہا پنجاب بار کونسل کے کافی مسائل حل ہوچکے جو رہ گئے وہ بھی ہو جائیں گے۔ بار کو فنڈز کے بغیر چلانا نہایت مشکل کام ہے۔ بارز کے لیے فنڈز بجٹ میں مختص ہونے چاہئے تاکہ وہ آزادی سے کام کرسکیں۔ بارز کو فنڈز عوام کے ٹیکسوں سے ملتے ہیں اس لیے ان کو بھی ریلیف ملنا چاہئے۔ عدالتوں میں پیش ہوں ہڑتال نہ کیا کریں۔ آپکی مشکلات اور مسائل حل ہو جائیں گے۔ عوام کو ریلیف بھی ملنا چاہئے۔ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چوہدری امجد اقبال خان نے کہا چیف جسٹس، نامزد چیف جسٹس اور ججز کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ آئندہ بار ایسوسی ایشنز الیکشن بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرائیں گے۔
انصاف فراہمی سب ذمہ داری، جسٹس قاسم: عوام کو ریلیف ملنا چاہئے: جسٹس امیر بھٹی
Jun 26, 2021