سندھ‘  بجٹ چند منٹوں میں پاس‘ نئی تاریخ رقم‘ بلوچستان کا بھی منظور 

Jun 26, 2021

کراچی ( نوائے وقت رپورٹ ) سندھ اسمبلی میں نئی تاریخ رقم، مالی سال دو ہزار اکیس بائیس کا بجٹ چند منٹوں میں منظور ہوگیا۔ وزیراعلیٰ کی تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین نعرے بازی کرتے رہے۔ حزب اختلاف نے کٹوتی کی کوئی تحریک جمع نہیں کرائی۔ اپوزیشن ارکان نے ایوان میں  گو کرپشن گو  کے نعرے لگائے۔ شور شرابے کے باعث اسمبلی مچھلی بازار کا منظر پیش کر رہی تھی۔ اپوزیشن نے ضمنی بجٹ کے مطالبات زر پر کٹوتی کی کوئی تحریک جمع نہیں کرائی۔ کٹوتی کی تحاریک نہ ہونے پر ضمنی بجٹ کے لئے مطالبات زر منظور کر لئے گئے۔ ایم کیو ایم رہنما کنور جمیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ اسمبلی میں بجٹ پاس کرنے کا سیاہ ترین دن ہے۔ جمہوریت کی تمام راویات کو پس پشت ڈال دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے سپیکر اور حکومتی بنچز نے آج اچھا کام نہیں کیا۔ بلوچستان اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور کرایا گیا۔ بلوچستان اسمبلی میں مطالبات زر کی منظوری دیدی گئی۔ ایوان میں 102 مطالبات زر کی منظوری دی گئی اپوزیش کی عدم موجودگی کے باعث کٹوتی کی کوئی تحریک پیش نہیں ہوئی۔

مزیدخبریں