اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) بلوچستان کے علاقے سبی میں فرنٹیئر کور کی گشت پر مامور ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے سے 5 جوان شہید ہو گئے، فائرنگ کے تبادلے میں امن دشمنوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا۔آئی ایس پی آر کے مطابق امن دشمنوں نے ضلع سبی کے علاقے سنگان میں ایف سی کی پٹرولنگ پارٹی پر حملہ کیا، فرنٹیئر کور کے بہادر جوانوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔ امن دشمنوں سے لڑتے ہوئے ایف سی کے پانچ بہادر جوان مادر وطن پر قربان ہو گئے۔ شہداء میں حوالدار ظفر علی خان، لانس نائیک ہدایت اللہ، لانس نائیک ناصر عباس، لانس نائیک بشیر احمد اور سپاہی نور اللہ شامل ہیں۔ شہید حوالدار ظفر علی خان، ہدایت اللہ اور نور اللہ کا تعلق لکی مروت، ناصر عباس بھکر، بشیر احمد نصیر آباد سے ہے ۔،آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کو فرار ہونے سے روکنے کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے ایسی بزدلانہ کارروائیاں کرنے والوں کو بلوچستان میں قربانیوں سے قائم امن و استحکام ہرگز خراب نہیں کرنے دیا جائے گا، پاکستانی سیکیورٹی فورسز خون اور جان کی قربانی دے کر امن دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سبی، بلوچستان میں ایف سی کی پٹرولنگ پارٹی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو یاد رکھا جائے گا۔ صدر مملکت نے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کا مشن ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے رکنے والا نہیں۔