کشمیریوں کیساتھ حکومتی روایہ افسوسناک، عمران اور مودی دونوں کو بھکائیں گے: بلاول

Jun 26, 2021

اسلام آباد/ڈھڈیال/ میر پور  (نمائندہ خصوصی +آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں کشمیریوں کو لاوارث نہیں دیکھ سکتا ہوں، موجودہ حکومت کا کشمیریوں کے ساتھ رویہ افسوسناک ہے، کشمیری عوام مشکلات سے نجات حاصل کرنے کیلئے انتخابات میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں، پیپلز پارٹی اور کشمیری مل کر نریندرا مودی اور عمران خان دونوں کو بھگائیں گے۔ جمعہ کو میرپور آزاد کشمیر، ڈھڈیال میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مشکل وقت میں کشمیری عوام کا بھرپور ساتھ دیا۔ اب تحریک انصاف حکومت میں کشمیریوں کو اکیلا چھوڑ دیا گیا ہے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ  موجودہ حکومت کا کشمیر سے متعلق رویہ دیکھتا ہوں تو افسوس ہوتا ہے۔ کشمیری عوام کو ذوالفقار بھٹو نے حقوق دیئے تھے اور اب بھٹو کا نواسا کشمیریوں کو ان کے حق دلوائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو مشکلات سے نجات کیلئے انتخابات میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہو گا، پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی تو کشمیریوں کے مسائل حل ہوں گے جبکہ  عمران خان  اور مودی  دونوں کو بھگائیں گے اور سیاسی مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرا دیں گے۔ ہمارا عوام کے ساتھ 3 نسلوں کا رشتہ ہے۔ پیپلز پارٹی کے دور میں کشمیر میں ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری ظالم مودی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ یہاں کے کشمیری عمران خان کی مہنگائی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ کشمیریوں کا ساتھ دینے کیلئے آیا ہوں۔ الیکشن میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے۔ 

مزیدخبریں