کراچی(نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں بحرانوں کی قطار لگی ہوئی ہے لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتیں لاتعلق نظر آتی ہیں، ایک ہی وقت میں لاتعداد بحرانوں کی وجہ سے عوام اذیت کا شکار جبکہ حکومتی گڈ گورننس کا پول کھول کر رکھ دیا ہے،پانی،بجلی،گیس، آٹے اور پیٹرول بحران کے بعد شدید لوڈشیڈنگ ،صنعتوں کیلئے گیس کی بندش اور سی این جی کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ اب آئل ٹینکرز کی ہڑتال سے سندھ سمیت ملک بھر میں ایک بار پھر پیٹرول اور ڈیزل کی شدید قلت کا بحران درپیش ہے،کراچی کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس پر پیٹرول نہیں مل رہا، فلور ملز ایسو سی ایشن کی جانب سے ایف بی آر سے ٹیکس معاملات پر مسئلہ چل رہا ہے جس کی وجہ سے آٹے کے بحران کا بھی امکان پیدا ہوچکا ہے لیکن نااہل،اناڑی اور عوامی مسائل سے لاتعلق حکمران دن رات مخالفین پر تنقید کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ جب سے موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا ہے ملک معاشی ،سیاسی بحرانوں سمیت مہنگائی،بدامنی اور بیروزگاری کے ساتھ بحران در بحران کا شکار ہے،گڈ گورننس ،قرضے نہ لینے اورآئی ایم ایف کی غلامی نہ کرنے کے دعویدار پی ٹی آئی حکومت نے اب تو ملک کے ہوائی اڈے، موٹرویز اور اسٹیل ملز سمیت دیگر دفاعی اہمیت کے حامل اثاثہ جات کو گروی رکھنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے جس سے ان کی نااہلی،بدترین حکمرانی کا صاف ظاہر ہوتی ہے۔اس وقت ملک انتہائی بدترین حالات کا شکار،حکمرانوں کا معاشی،اقتصادی اور خارجی وداخلی معاملات پر کوئی گرفت نہیں ہے جبکہ اہم معاملات کو بھی پارلیمنٹ کے باہر طے کیا جارہا ہے قانونسازی کیلئے بھی سارا زور صدارتی آرڈیننس پر ہے، ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضہ لینے کے باوجود حکومتی خسارے کا گڑھا نہیں بھرسکا ہے،بجلی اور گیس بحران کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی متاثر اور معیشت پر بھی برے اثرات پڑے ہیں جبکہ آئل ٹینکرز کانٹیکٹرز کی جانب سے ہڑتال کی وجہ سے پیٹرول بحران شدید ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اہم ملکی مسائل اور معاملات سے بلکل لاتعلق بنی ہوئی ہے جس کی وجہ سے آج یہ سنگین صورتحال پیدا ہوچکی ہے،کراچی میں پیٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں اس صورتحال سے امن امان کا مسئلہ بھی پیدا ہوسکتا ہے، ایسا لگتا ہے حکومت مختلف مافیاز کے سامنے بے بس ہوچکی ہے، نہ چینی اور آٹا بحران کے ذمہ داران کی گرفت ہوسکی ہے اور نہ پیٹرول بحران پیدا کرنے والے قانونی شکنجے میں گرفتار ہوئے، اس وقت بھی روزانہ نئے بحران پیدا کرنے والے ہر قسم کی پکڑ سے آزاد ہیں۔انہوں نے زوردیا کہ وفاقی حکومت گیس،بجلی اور پیٹرول بحران پر سنجیدگی سے توجہ دے، سندھ میں سی این جی اور صنعتوں کو گیس کی فوری فراہمی شروع جبکہ ٹینکرز کی ہڑتال کے خاتمے اور پیٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹینکرزکانٹیکٹرز سے بات چیت سے مسئلہ حل کرکے عوام کو مزید مسائل میں گرفتار ہونے سے بچایا جائے ۔