وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

Jun 26, 2021 | 18:20

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ منشیات ایک ناسور ہے۔ منشیات کی لعنت کی وجہ سے سماجی، معاشرتی اور معاشی مسائل جنم لیتے ہیں۔منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں اور منشیات کا مکروہ کاروبارکرنے والوں کی جگہ جیل ہے۔  تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کی سختی سے سرکوبی کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ منشیات کے عادی افراد کو نہ صرف نظر انداز کیا جاتا ہے بلکہ بدقسمتی سے کسی توجہ کا مستحق نہیں سمجھا جاتا۔  منشیات کے عادی افراد کو بے چارگی اور کسمپرسی کی حالت میں مرنے کیلئے چھوڑ دیا جائے تو یہ ظلم کے مترادف ہوگا۔  منشیات کی عادت کا شکار لوگ نفرت سے زیادہ ہمدردی کے مستحق ہیں۔ منشیات کے عادی افراد کی بحالی ریاست کی ذمہ داری ہے۔  منشیات کے عادی افراد کی بحالی پر پوری توجہ ہے۔پنجاب حکومت نے اس ضمن میں جدید ہسپتال بنایا ہے۔پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال ہے جہاں نشے کے عادی افراد کو معیاری علاج معالجے کی سہولتیں میسر ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کیلئے حکومت کے ساتھ معاشرے کے دیگر طبقات کو بھی آگے آنا ہوگا اور منشیات سے پاک معاشرے کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہے

مزیدخبریں