پٹنہ (کے پی آئی ) بھارتی ریاست بہار اسمبلی کے مون سون اجلاس کے پہلے دن راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور بائیں بازو کی پارٹی کے رہنماؤں نے اگنی پتھ اسکیم کے معاملے پر بھارتیہ جنتاپارٹی کی مرکزی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ آر جے ڈی کے سینئر رہنما اور چیف ترجمان بھائی وریندر نے کہا کہ ہر پارٹی کے رہنما اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ایک تجویز پاس کر کے نریندر مودی حکومت کو بھیجیں گے۔بائیں بازو کی پارٹی کے ایم ایل اے محبوب عالم نے کہاکہ نریندر مودی حکومت کی من مانیوں کی وجہ سے نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہوتا جا رہا ہے، ہمیں ملک کے نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی ناروا پالیسیوں کی وجہ سے نوجوان سخت مشتعل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومتوں نے مظاہرین کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں جیلوں میں بند کر دیا ہے۔